عمران پر تنقید کرنے والی پی پی قیادت کو فیاض الحسن کا کڑا جواب

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے عمران خان کو حادثاتی وزیراعظم قرار دینے پر کڑا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ خود آصف زرداری بے نظیر بھٹو کو پیش آنے والے حادثہ کی وجہ سے صدر مملکت بنے اور ان کی جماعت حکومت میں آئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر صاحبہ اپنے شوہر کی بد نیتی سے با خوبی واقف تھیں۔ اگر ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش نہ آتا تو وہ آصف علی زرداری صاحب کو اپنی حکومت میں نائب قاصد بھی نہ رکھتیں۔اب جوزرداری صاحب کہہ رہے ہیں کہ عمران خان صاحب5سال پورے نہیں کر پائیں گے۔ ان سے میری گزارش ہے کہ آصف علی زرداری صاحب آپ نجومی بننا چھوڑ دیں۔پی ٹی آئی کی حکومت انشاء اللہ اپنے5سال پورے کرے گی اور اس ملک کے خزانے کو لوٹنے والوں کو بے نقاب بھی کرے گی۔

صوبائی وزیر کامزید کہنا تھا کہ اب جو جعلی اکاؤ نٹس کا تفصیلی فیصلہ آیا ہے تو ِ زرداری صاحب، مراد علی شاہ اور بلاول زرداری کے طوطے اُڑ گئے ہیں اور انہوں نے جلسے اور تنقیدکرنا شروع کر دی ہے۔زرداری صاحب جو کہہ رہے تھے کہ جے ٹی آئی کو سپریم کورٹ نے اُڑا دیا ہے۔ ان کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ جے ٹی آئی ہی اب نیب کی معاونت کرے گی اور اسی کی سفار شات پر نیب 15دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی اور 2ماہ کے بعد سارا معمہ کھل جائے گا۔ نواز شریف صاحب کے کیس کی طرح اب آلِ زرداری کی بھی کوکلا چھپانی شروع ہو گئی ہے۔اب انہیں چاہیے کہ نیب کے سامنے پیش ہوں اور اپنا حساب دینے کے لیے تیار ہو جائیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *