عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیر داخلہ نے عہدہ سنبھال لیا

بیروت: لبنان کی نئی وزیرداخلہ ریا الحسن نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہوئے عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیرداخلہ  بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔

لبنانی میڈیا کے مطابق لبنان کی 30 رکنی نئی کابینہ کے ارکان کو ان کے قلمدان تفویض کردیے گئے ہیں۔

نئی کابینہ میں ریا الحسن سمیت 4 خواتین شامل ہیں، خواتین وزراء میں ندیٰ البستانی کو وزارت توانائی اور پانی کا قلم دان سونپا گیا ہے جب کہ وِیولیٹ الصفدی کو وزیر مملکت برائے خواتین اور نوجوانوں اور می شدیاق کو وزیر مملکت برائے انتظامی ترقی مقرر کیا گیا ہے۔

لبنان اور عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیر داخلہ ریا الحسن اس سے قبل لبنان کی پہلی خاتون وزیر خزانہ کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔

وزیر داخلہ ہونے کے ساتھ ساتھ ریا الحسن ملک کی سیکیورٹی ایجنسیوں کی انچارج بھی ہوں گی، عہدے کا چارج سنبھالنے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سعد الحریری نے ان پر اپنا بھروسہ اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بھاری ذمہ داری عائد کی ہے۔

ریا الحسن نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کررکھی ہے اور وہ وزیراعظم سعد الحریری کی جماعت فیوچر موومنٹ پارٹی کی رکن ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *