پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہیں، سربراہ آئی ایم ایف

دبئی: متحدہ عرب امارات کے اقتصادی دار الحکومت دبئی میں منعقد ہونے والی ورلڈ گورمنٹ سمٹ کے موقع وزیراعظم پاکستان عمران خان  سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (ائی ایم ایف)  کی سربراہ کرسٹین لوگارڈ نے ملاقات کی جس میں انکا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران معاشی صورتحال اور بیل آؤٹ پیکیج پر بات چیت کی گئی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے عمران خان اور کرسٹین لوگارڈ کی ملاقات کی تفصیلات کے بارے میں اعلامیہ جاری کیا گیا  ہے جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سربراہ آئی ایم ایف کی ملاقات اچھی اور تعمیری رہی جس میں پاکستان کی خوشحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان امدادی پروگرام پر جاری مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کی اقتصادی ترقی اور بحالی پر بات چیت ہوئی۔


مزید پڑھیں

گزشتہ مالی سال کے اقتصادی اعداد و شمار پر نظر ثانی کے بعد کمی واقع


اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کرسٹینا لوگارڈ نے پاکستان کو نئے پروگرام کی فراہمی کے بارے میں اپنے عزم کو دہرایا اور کہا کہ ادارہ پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے تاہم پاکستان کو اقتصادی بحالی اور پائیدار و مضبوط اقتصادی نشوونما کی بنیاد رکھنے کے لیے فیصلہ کن پالیسیوں اور مضبوط اکنامک ریفارمز پر مبنی پیکیج متعارف کرانا ہوگا کیوں کہ فیصلہ کن پالیسیوں اور مضبوط اقتصادی اصلاحات سے ہی پاکستان اقتصادی ترقی کے قابل ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت کی پالیسیوں اور ایجنڈے میں غریب و پسماندہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا اور مضبوط گورننس پر توجہ مرکوز رکھنا اولین ترجیحات ہیں، اس عمل سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا جب کہ معیار زندگی میں بہتری بھی پائیدار طریقے سے آئے گی۔


مزید پڑھیں

بجلی مہنگی نہیں کریں گے، حکومت کا آئی ایم ایف کو جواب


ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسٹین لوگارڈ سے ملاقات میں پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے گہرے اسٹرکچرل اصلاحات کی ضرورت پر دونوں میں مکمل ہم آہنگی پائی گئی اور یہ اقدامات پاکستانی معاشرے میں انتہائی پسماندہ گوشوں کے تحفظ کے لیے بہت ضروری ہیں۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی عالمی مالیاتی فنڈز کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ سے ملاقات بہت اچھی اور مفید رہی، مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری اور آئی ایم ایف کی سوچ میں خاصی مطابقت پائی جاتی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، ہم عنقریب آئی ایم ایف سے مل کر ایک پروگرام مرتب کریں گے جس میں کم آدمی والے طبقے کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور بہت جلد ہی اس کی تکنیکی تفصیلات بھی طے ہوتی ہوئی منظر عام پر آجائیں گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *