گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات میں 12 فیصد کا اضافہ

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری تازہ ترین رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 12 ارب 77 کروڑ ڈالر وطن بھیجے ہیں۔

مرکزی بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلات کی آمد میں 12 فیصد اضافہ ہوا، جنوری 2019 میں ترسیلات کی مالیت ایک ارب 74 کروڑ 32 لاکھ  ڈالر رہی، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 12774.02 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جب کہ گذشتہ برس اسی مدت میں 11383.47 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔


مزید پڑھیں

اسٹیٹ بینک کی جانب سے حکومتی قرضوں کے حجم کی رپورٹ جاری


اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جنوری 2019 میں سمندرپار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1743.25 ملین ڈالر رہی جو دسمبر 2018 کے مقابلے میں 0.3 فیصد کم جب کہ جنوری 2018 کے مقابلے میں 6.4 فیصد زائد ہے۔

بلحاظ ملک جنوری 2019 کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ممالک (بحرین، کویت، قطر، عُمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب 403.92 ملین ڈالر، 352.12 ملین ڈالر، 272.32ملین ڈالر، 295.13ملین ڈالر، 166.50 ملین ڈالر، اور 42.89ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے، جب کہ جنوری 2018 میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 383.91 ملین ڈالر، 351.58 ملین ڈالر، 223.94ملین ڈالر،235.10 ملین ڈالر، 186.33ملین ڈالر اور 56.4 ملین ڈالر تھیں۔


مزید پڑھیں

سمندر پار پاکستانیوں سے سرمایہ کاری کے حصول کے لیے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ متعارف


جنوری 2019 میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 210.36 ملین ڈالر رہیں جب کہ جنوری 2018 میں ان ملکوں سے201.46 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *